بی جے پی پر فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے ٹی آر کا الزام

   

Ferty9 Clinic

سادھوی پرگیہ سنگھ کو بی جے پی کی تائید افسوسناک، تلنگانہ قومی یکجہتی کا گہوارہ

حیدرآباد۔/10اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں یہ ماحول پیدا کردیا گیا ہے کہ ان کے ساتھ رہیں تو دیش بھکت ورنہ دیش دروہی۔ کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ وکاس سمیتی کی تیسری ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں یہ ماحول بن چکا ہے کہ آپ کے ساتھ رہیں تو دیش بھکت ورنہ دیش دروہی کا لیبل لگادیا جاتا ہے۔ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے ناتھو رام گوڈسے کو دیش بھکت قرار دیا تھا جس پر انہوں نے مذمت کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر اپنے خیالات پیش کئے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سادھوی پرگیہ سنگھ کے ریمارک کی تائید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ان کے خلاف جو اظہار خیال کیا گیا اس سے دکھ پہنچا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں آج بابائے قوم کی تعظیم نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب، ذات پات اور دیگر اُمور کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ملک عجیب و غریب حالات سے گذر رہا ہے اگر کوئی اختلاف کرنے کے موقف میں نہ ہو تو جمہوریت کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں صدیوں سے عوام مذہبی اختلافات کے بغیر شیروشکر کی طرح زندگی بسر کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جمہوریت کا خاصہ ہے کہ ہر شخص کو اختلاف رائے کی اجازت حاصل ہے۔ جس سماج میں سوال کرنے کی صورتحال نہ ہو وہاں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی زبان نہیں ہوتی جبکہ زبان سے مذہب وابستہ ہوتا ہے۔ تلنگانہ میں باہمی رواداری اور ایک دوسرے کے مذاہب کے احترام کی روایت موجود ہے جبکہ ملک میں مذہبی جذبات کے احترام کا ماحول باقی نہیں رہا۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے ریمارکس پر بی جے پی کی تائید کو افسوسناک قرارد یا۔