بی جے پی کارپوریٹر کے شوہر سے ایک کروڑ روپئے کی ضبطی

   


حیدرآباد۔ /18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) پولیس نے کل صبح حلقہ اسمبلی منوگوڑ میں گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران کریم نگر کی ایک بی جے پی کارپوریٹر کے شوہر کے پاس سے ایک کروڑ روپئے کی رقم ضبط کی ۔ نلگنڈہ پولیس کے مطابق کریم نگر 13 ویں ڈیویژن کی کارپوریٹر کے شوہر 48 سالہ ایس وینو نے کہا کہ وہ سابق ایم پی اور بی جے پی قائد ویویک وینکٹ سوامی کی ہدایت پر اس رقم کو وجئے واڑہ سے لارہا تھا۔ نلگنڈہ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق کار کو منو گوڑ ضمنی چناؤ کے پیش نظر گاڑیوں کی چیکنگ کے سلسلہ میں چیلمیڈا ایکس روڈس پر روکا گیا۔ پولیس نے کہا کہ ’’ وینو نے ہمیں بتایا کہ اس نے ویویک کے کہنے کے مطابق اس رقم کو وجئے واڑہ کے رامو سے حاصل کیا تھا۔‘‘ اس رقم کو مزید تحقیقات کیلئے انکم ٹیکس نوڈل آفیسر کے حوالہ کیا جائے گا۔