بی جے پی کا انتخابی منشور ’جھانسہ پتر‘ کانگریس کا ردعمل

   

نئی دہلی ۔ 8 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے آج بی جے پی کے انتخابی منشور کو ’’جھانسہ پتر‘‘ اور ’’جھوٹ کا بلبلہ‘‘ قرار دیا اور کہاکہ اس سے بہتر ہوتا کہ وہ معافی نامہ جاری کردیتے ۔ برسراقتدار آنے پر عوام سے انصاف کا وعدہ کرنے کے بارے میں کانگریس کے عہد کو اُجاگر کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے کہاکہ بی جے پی کی دستاویز جھوٹ بمقابلہ انصاف ہے ۔ کانگریس نے بی جے پی کی جانب سے اپنے 2014 ء کے منشور میں کئے گئے وعدوں کو توڑنے کے بارے میں 125 فہرست بھی جاری کی ۔ ان وعدوں میں نوکریوں ، کسانوں کی آمدنی میں 50 فیصد اضافہ ، مہنگائی کا سدباب اور کرپشن و کالا دھن کو ختم کرنے کے بارے میں کلیدی وعدے شامل ہیں۔ احمد پٹیل نے کہاکہ کانگریس کے منشور میں عوام کی تصویر پیش کی گئی لیکن بی جے پی دستاویز میں صرف وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے سرورق پر نمایاں کیا ہے ۔ انھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ایک طرف کانگریس منشور کے سرورق پر عوام ہیں جبکہ بی جے پی کی دستاویز میں صرف مودی کی تصویر کو نمایاں کیا گیا ہے جس سے ’میں اور صرف میں ‘ کی بات ظاہر ہوتی ہے ۔ میرے خیال میں بی جے پی کا یہ منشور جھوٹی باتوں کا مقابلہ انصاف سے ہونے کے مترادف ہے ۔ اس سے تو بہتر ہوتا کہ بی جے پی معذرت خواہی کا مکتوب جاری کردیتی کیونکہ گزشتہ پانچ برسوں میں اُن کے پاس بطور کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ احمد پٹیل نے کہاکہ مودی اور بی جے پی شعبدہ بازی اور چالوں کو استعمال کرتے ہیں اور چوکیدار اور چائے والا جیسے القاب کی مثال دی جس کا وزیراعظم نے خود کیلئے استعمال کیا ہے ۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ ملک کے عوام بخوبی سمجھتے ہیں کہ آپ کیا ہو ۔ آپ کبھی کبھی عوام کو بیوقوف بناسکتے ہیں لیکن ہمیشہ نہیں اور تمام لوگوں کو ہروقت بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ مودی کا مرکزی نکتہ عوام کو دھوکہ دہی کے ذریعہ جال میں پھانسنا ہے ۔ ہم نے مودی جی کا سفر دیکھا ہے جو جملہ بازی سے شروع ہوکر جھانسوں پر ختم ہورہا ہے ۔ آج ملک کے 125 کروڑ عوام مودی جی سے اُن 125 وعدوں کے بارے میں جوابات طلب کررہے ہیں جو اُنھوں نے اقتدار سنبھالنے سے پہلے کئے تھے ۔ اب لوگ آپ کے ’جھانسہ پتر‘ کو قبول نہیں کریں گے اور وقت آچکا ہے کہ آپ اپنا راستہ لیں ۔ انھوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ مودی نے حکومت میں رہتے ہوئے عوام کے اعتماد کو زہرآلود کردیا ہے ۔