بھوپال 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش میں بی جے پی 16 مارچ کو ایوان اسمبلی میں اپنی اکثریت کا ثبوت دے گی کیوں کہ 22 کانگریسی ارکان اسمبلی نے ریاستی عہدوں سے استعفیٰ دیدیئے ہیں۔ بی جے پی کے ایک سینئر قائد نے جمعرات کے دن کہاکہ 14 ماہ قدیم کمل ناتھ حکومت کو گہرے بحران کا سامنا ہے جبکہ سابق مرکزی وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا اور دیگر 22 کانگریسی ارکان اسمبلی نے منگل کے دن پارٹی سے ترک تعلق کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 16 مارچ کو ریاستی بجٹ اجلاس کا آغاز ہوگا۔ چیف وہپ مدھیہ پردیش اسمبلی بی جے پی مقننہ پارٹی نروتم مشرا نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیاکہ ریاستی بی جے پی 16 مارچ کو اسمبلی میں اسے اکثریت حاصل ہونے کا ثبوت پیش کرے گی۔ اگر تمام 22 استعفے منظور کرلئے جاتے ہیں تو کانگریسی ارکان کی تعداد 206 ہوجائے گی۔ کانگریس اپنے بل بوتے پر 92 نشستوں پر انحصار کرسکتی ہے جبکہ بی جے پی کو 107 نشستیں حاصل ہوں گی اور اکثریت ثابت کرنے کے لئے مقررہ تعداد 104 ہے۔