بی جے پی کا مشن 2023 ۔ودیاساگر راو کو اہم ذمہ داری متوقع

   

Ferty9 Clinic

گورنر مہاراشٹرا کی حیثیت سے سبکدوشی کے بعد ریاست میں خدمات سے استفادہ کا منصوبہ
حیدرآباد 2ستمبر(سیاست نیوز) سی ایچ ودیا ساگر راؤ سابق گورنر مہاراشٹرا کو تلنگانہ میں دوبارہ سرکردہ بی جے پی قائد کی حیثیت سے اہم ذمہ داری تفویض کئے جانے کا امکان ہے ۔ گورنر مہاراشٹرا کی حیثیت سے ودیا ساگر راؤ کو ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ پارٹی تلنگانہ میں مشن 2023کیلئے ودیا ساگر راؤ کی خدمات حاصل کرنا چاہتی ہے۔ مسٹر ودیا ساگر راؤ جو کہ تلنگانہ میں پارٹی کے اہم قائد کی حیثیت سے شناخت رکھتے ہیں اور وہ واجپائی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔ مرکز میں بی جے پی کو اقتدار کے بعد انہیں گورنر مہاراشٹرا بنایا گیا تھا لیکن گذشتہ یوم انہیں عہدہ سے سبکدوش کردیا گیا۔ریاست میں بی جے پی کو 4 پارلیمانی نشستوں پر کامیابی کے بعد بی جے پی نے تلنگانہ میں اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہاجا رہاہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ کریم نگر کی حیثیت سے ودیا ساگر راؤ کو تلنگانہ میں اہم ذمہ داری تفویض کی جائے گی اور انہیں پارٹی امور کا نگران مقرر کئے جانے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ودیاساگر راؤ کو قومی پارٹی میں اہم عہدہ فراہم کرکے تلنگانہ کی ذمہ داری تفویض کی جائیگی اور تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے علاوہ مشن 2023 کا لائحہ عمل تیار کرنے کی ذمہ داری دی جائیگی۔ بتایاجاتا ہے کہ پارٹی قائدین نے ودیاساگر راؤ کی مقبولیت کے علاوہ ان کی سیاسی دور اندیشی اور حکمت عملی کے سلسلہ میں تفصیلات کے حصول کے بعد ہی فیصلہ کیا ہے کہ انہیں تلنگانہ امور کی نگرانی تفویض کی جائے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ گورنر کے عہدہ سے سبکدوشی کے بعد ان کی خدمات کو مختلف انداز میں حاصل کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ اگر انہیں دوبارہ سرگرم سیاست میں لایاجاتا ہے اور ذمہ داریاں تفویض کی جاتی ہیں تو اس پر اعتراض ہونے کا امکان ہے لیکن پارٹی ذرائع کی جانب سے یہ بھی کہاجا رہاہے کہ سابق میں کئی مثالیں ہیں جو دستور ی عہدوں سے ہٹنے کے بعد سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں اوراپنے نظریات پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ سیاست میں سرگرم ہیں ۔