بی جے پی کو اقتدار ملنے پر ترنمول کے غنڈے جیل میں ہونگے : آدتیہ ناتھ

   

خانہ کول ( بنگال ) چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے آج واضح کیا کہ بنگال میں بی جے پی حکومت کی تشکیل کے اندرون ایک ماہ ترنمول کانگریس کی پشت پناہی والے غنڈوں کو جیل بھیج دیا جائیگا ۔ انہوں نے یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے مقتول کارکنوں بشمول سدرشن پرامناک کو بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر انصاف ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کے غنڈوں کو یہ سن لینا چاہئے کہ ووٹوں کی گنتی کے بعد ہم تمہیں سبق سکھائیں گے ۔ اسی طرح کے حالات چار سال قبل ہماری حکومت کے قیام کے بعد پیش آئے تھے ۔ ہم نے عوام کو تکلیف دینے والوں کو جیل بھیج دیا ہے ۔ بنگال میں بھی ہم ان لوگوں کو سزائیں دینگے جو سنڈیکیٹ راج کا حصہ ہیں اور کمیشن طلب کرتے ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ریاست میں خوشامدانہ پالیسیوں پر عمل کر رہی ہیں ۔ ممتابنرجی نے ریاست میں درگا پوجا اور سرسوتی پوجا کے علاوہ ہولی تقاریب میں بھی رکاوٹ پیدا کی ہے ۔ ایسا اترپردیش میں کبھی نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ انہیں تہواروں میں کسی روک ٹوک کے بغیر حصہ لینے کیلئے بی جے پی کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ممتابنرجی کو جئے شری رام کے نعروں سے سے بھی الرجی ہے ۔ جس طرح انہوں نے درگا پوجا کی اجازت نہیں دی تھی اسی طرح وہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی بھی مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کے ذریعہ بی جے پی نے اپنا انتخابی وعدہ پورا کیا ہے ۔