بی جے پی کو بھارت ماتا کی جئے کہنے کا حق نہیں

,

   

ہندوستان بی جے پی کی ذاتی ملکیت نہیں ، چیف منسٹر مہاراشٹرا کا بیان

ممبئی : چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان بی جے پی کی ذاتی ملکیت نہیں ہے اور نہ ہی مہاراشٹرا اس کی ملکیت ہے۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے ادھوٹھاکرے نے کہا کہ بی جے پی کی سرپرست تنظیم آر ایس ایس نے جدوجہد آزادی میں حصہ نہیں لیا۔ اسے بھارت ماتا کی جئے کہنے کا حق نہیں ہے۔ اگر بی جے پی ایک عام آدمی کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتی تو اسے بھارت ماتا کی جئے کہنے کا بھی حق نہیں ہے۔ ملک میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ پٹرول کی قیمت فی لیٹر 100 روپئے سے بڑھ گئی ہے جبکہ پکوان گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے اور فی سلنڈر ایک ہزار روپئے کے نشان کو پار کرلیا ہے۔ شکر ہیکہ بی جے پی حکومت نے سائیکل کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات 2019ء سے قبل مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے بند کمرے کی میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ادھوٹھاکرے نے کہا کہ اس کمرہ میں یہ حکمت عملی طئے کی گئی کہ آگے کا لائحہ عمل کیا ہونا چاہئے۔ تاہم امیت شاہ نے کمرہ سے باہر آ کر اس سچائی کی بے شرمی کے ساتھ تردید کردی۔ جی ہاں میں یہ غیرپارلیمانی لفظ بے شرمی استعمال کررہا ہوں کیا یہی آپ ہندوتوا ہے؟ کیا یہی شیوسینا سپریمو بالا صاحب ٹھاکرے کے تعلق سے آپ کی محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی تمام خرابیوں کے باوجود اقتدار پر برقرار رہنے کی سازش پر سازش کررہی ہے۔