!بی جے پی کو بھی سمجھ آیا مگر پورا نہیں

   

بنگال کی انتخابی مہم میں اب 500افراد کی شرکت کی گنجائش
نئی دہلی : بی جے پی نے کورونا کیسوں میں تیزی سے اضافے کے درمیان آج کہا کہ اُس نے بڑی انتخابی ریالی یا جلسہ کا انعقاد نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ چنانچہ مغربی بنگال اسمبلی الیکشن کی جاریہ انتخابی مہم میں وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر سرکردہ پارٹی قائدین کے جلسے 500 افراد تک محدود ہوں گے اور بڑی ریالی یا روڈ شو سے گریز کیا جائے گا ۔ یہ فیصلہ اپوزیشن کی طرف سے مسلسل تنقیدوں کے تناظر میں کیا گیاہے ۔ کانگریس کی طرف سے راہول گاندھی اور پھر ٹی ایم سی کی جانب سے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے انتخابی مہم منسوخ یا بڑی حد تک محدود کردینے کا اعلان کردیا ہے ۔ اس کے بعد سے بی جے پی پر دباؤ بڑھ گیا تھا کیونکہ بنگال میں کوویڈ انفیکشن پھیل رہا ہے ۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ ملک پہلے بھی مودی کی قیادت میں بڑے چیلنجوں سے نمٹ چکا ہے اور پھر ایک بار ایسا کر دکھائے گا ۔