افتتاحی تقریب میں عدم شرکت کا فیصلہ حق بجانب، مودی نے کارپوریٹ شعبہ کی مدد کی
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی رام کے نام پر سیاست کررہی ہے اور اسے بھگوان رام سے کوئی محبت نہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی مندر کی افتتاحی تقریب کو سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کررہی ہے تاکہ اکثریتی طبقہ کے ووٹ حاصل ہوں۔ افتتاحی تقریب میں سونیا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی عدم شرکت کے فیصلہ کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ مندر کا دورہ کب کرنا ہے یہ ہر شخص کا انفرادی فیصلہ ہوگا کسی کو جبراً افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات سے عین قبل نامکمل مندر کا افتتاح کیا جارہا ہے اور ہندو سماج کی کئی مذہبی شخصیتوں نے اعتراض جتایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مندر کے مسئلہ پر کانگریس اور اس کے قائدین کے خلاف گمراہ کن پرچار کررہی ہے۔ ملک میں 25 کروڑ افراد کو سطح غربت سے نکالنے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں مودی حکومت نے صرف کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچایا ہے جبکہ غریبوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ سماج کا ہر طبقہ بالخصوص غریب اور متوسط طبقات مودی حکومت کے فیصلوں سے پریشان ہیں۔ اڈانی اور امبانی کے مفادات کا تحفظ کرنے والی مودی حکومت کو عوام تبدیل کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ایجنڈہ کے ذریعہ بی جے پی لوک سبھا چناؤ میں کامیابی کی سازش کررہی ہے۔1