الیکشن کمیشن کے اعلان سے قبل پارٹی نے شیڈول کی تاریخ جاری کردی
حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بی جے پی کو مشورہ دیا کہ پارٹی کا نام تبدیل کرکے تحقیقاتی اداروں اور الیکشن کمیشن کے نام کو شامل کرلیں۔ منوگوڑ ضمنی چناؤ پر بی جے پی اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس کا حوالہ دے کر کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ الیکشن کمیشن کے اعلان سے قبل بی جے پی نے ضمنی چناؤ کی تاریخ کا اعلان کردیا ۔ ای ڈی کی کارروائی سے قبل بی جے پی نے ان افراد کے نام ظاہر کردیئے جن پر دھاوے کئے گئے۔ این آئی اے سے قبل بی جے پی نے پابندی کا اعلان کردیا۔ انکم ٹیکس محکمہ سے قبل بی جے پی نے ضبط شدہ رقم کا اعلان کیا۔ سی بی آئی سے پہلے بی جے پی نے ملزمین کے ناموں کا اعلان کیا۔ ان حالات کے پیش نظر بہتر ہوگا کہ بی جے پی اپنا نام بھارتیہ جنتا الیکشن کمیشن، سی بی آئی ، این آئی اے ، آئی ٹی، ای ڈی پارٹی رکھ لے۔ واضح رہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی اجلاس میں پارٹی جنرل سکریٹری سنیل بنسل نے 15 اکٹوبر سے قبل الیکشن شیڈول کی اجرائی کا اعلان کیا۔ اخبارات میں بنسل کے اعلان کے شائع تراشے پیش کرکے کے ٹی آر نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ر