بی جے پی کو ووٹ دینا مرکز کی خانگیانہ پالیسی کی تائید کرنے کے مترادف

   

بی ایچ ای ایل کے علاوہ دوسرے کمپنیوں کے ملازمین سے ہریش راؤ کی ملاقات ، ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کو ووٹ دینا مرکزی حکومت کے خانگیانے کی پالیسی کی تائید کرنے کے مترادف ہوگا ۔ لہذا ٹی آر ایس کو کامیاب بناتے ہوئے بی جے پی کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے پر زور دیا ۔ پٹن چیرو کے جی ایم آر کنونشن سنٹر میں بی ایچ ای ایل ، او ڈی ایف اور بی ڈی ایل کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کارپوریٹ اداروں کو اہمیت دیتے ہوئے مرکزی حکومت کے پبلک سیکٹر اداروں کو نقصان پہونچانے کی سازش کررہے ہیں ۔ مرکزی حکومت کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل کی ۔ تمام ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ متحد ہوجائیں اور ٹی آر ایس کے امیدواروں کو کامیاب بنائے ۔ وزیر نے کہا کہ وزیراعظم میک ان انڈیا کا نعرہ دیتے ہوئے تمام آرڈرس بیرونی ممالک کو دے رہے ہیںجب کہ چیف منسٹر کے سی آر نے بی ایچ ای ایل کو 40 ہزار کروڑ ، یدادری تھرمل پاور پلانٹ کو 30 ہزار کروڑ روپئے کے آرڈرس دئیے ۔ ان حالت میں اگر بی جے پی کو ووٹ دیا جاتا ہے تو مرکزی حکومت کی خانگیانے کی پالیسی کی تائید کرنے کے مترادف ہوگا لہذا تمام مزدور یونین متحد ہوجائیں اور خطرناک عزائم رکھنے والی بی جے پی کو شکست دیں ۔ ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے شہر حیدرآباد کے امن و امان کو برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کریں ۔۔