بی جے پی کو گوا میں مکمل اکثریت ملے گی: ساونت

   

پنجی: گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے منگل کے روز اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) آئندہ اسمبلی انتخابات میں 22 سے زیادہ سیٹیں جیت لے گی۔انہوں نے سانکھلی اسمبلی حلقہ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پہلی بار بی جے پی نے ریاست کی تمام 40 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔ ہمیں زبردست رسپانس مل رہا ہے ۔ ہمیں یقین ہے کہ اس بار ہم 22 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے ۔ میں ذاتی طور پر انتخابی مہم کی نگرانی کر رہا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ ہم مکمل اکثریت سے الیکشن جیتیں گے اور اگلی حکومت بنائیں گے ۔مسٹر ساونت نے اپنی پارٹی کے سرکاری مشینری کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کو دھمکانے کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ یہ الزامات پوری طرح سے جھوٹے ہیں کیونکہ بی جے پی لیڈروں کو بھی نوٹس مل رہے ہیں۔