اڈانی اور امبانی نے ایک سال پہلے ہی اناج کے گودام کیوں بنائے:امرسنگھ چودھری
لکھنو : زرعی قوانین کے خلاف اب بی جے پی کی حلیف پارٹیاں بھی اُٹھ کھڑی ہورہی ہے ۔ رکن اسمبلی امر سنگھ چودھری نے کہا کہ زرعی قوانین میں ضرور کوئی خامی ہے ۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو امبانی اور اڈانی کی ریاستوں میں سال بھر پہلے ہی بڑے بڑے گودام نہیں بناتے ۔ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا مظاہرہ جاری ہے اور مرکز کی مودی حکومت کے خلاف کئی ریاستوں میں بھی احتجاج ہورہا ہے ۔ مختلف ریاستوں میں جہاں حکمراں بی جے پی ہے ان حلیف پارٹیوں میں ناراضگی دن بہ دن بڑھ رہی ہے ۔ مرکز میںکچھ پارٹیوں نے این ڈی اے کا ساتھ چھوڑ کر کسانوں کے حق میں آواز بلند کی ہے ۔ وہیں ریاستوں میں بھی بی جے پی کی معاون پارٹیاں زرعی قوانین کو لے کر اپنی ہی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے لگی ہے ۔ اترپردیش کی یوگی حکومت میں بھی کچھ ایسا ہی دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں اپنا دل پارٹی کے رکن اسمبلی امرسنگھ چودھری نے کسانوں کی حمایت میں یوگی حکومت کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔ امر سنگھ نے کہا کہ زرعی قوانین میں کچھ نہ کچھ خامیاں ہیں جس کی وجہ سے امبانی اور اڈانی نے کئی ریاستوں میں پہلے ہی بڑے بڑے گودام بنالئے ہیں ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ 130 کروڑ کا یہ ملک صرف چار لوگوں کے ہاتھوں میں ہی ہے ۔ مودی حکومت ان چار صنعت کاروں کو ناراض کرنا نہیں چاہتی ۔ عوام اور کسان ناراض ہوجائے تو کچھ فرق نہیں پڑتا ۔ ان عوام کو سمجھا بجھاکر اپنی حکومت برقرار رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اپنا دل کے رکن اسمبلی نے مزید کہاکہ زرعی قوانین کو لے کر مودی حکومت کسانوں کے مطالبات پر توجہ نہیں دے رہی ہے یہ حیرت انگیز بات ہے ۔