شکست کے خوف سے مہم کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش: پونم پربھاکر
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ رائے دہندوں کو دھمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے ہمراہ مہیش کمار گوڑ نے آج کریم نگر میں گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے کانگریس امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کی ذمہ داری کو بھلا کر بنڈی سنجے اشتعال انگیز بیانات کے ذریعہ گھٹیا سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر کے رائے دہندے جنہوں نے لوک سبھا چناؤ میں بنڈی سنجے کو ووٹ دیا تھا آج وہ افسوس کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن میں فرقہ وارانہ انداز کی مہم چلانا افسوسناک ہے۔ الیکشن کو انڈیا۔ پاکستان کرکٹ میچ سے تشبیہہ دینے کی مذمت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ رائے دہندے باشعور ہیں اور وہ بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست کو ناکام بنائیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بی جے پی قائدین مرکز سے تلنگانہ کیلئے فنڈز کو حاصل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں انہیں ریونت ریڈی حکومت پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔ کانگریس حکومت نے ایک سال میں 55 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کونسل کی تینوں نشستوں پر شکست کے خوف سے بی جے پی قائدین مہم کو فرقہ وارانہ رنگ دینے میں مصروف ہوچکے ہیں۔ گریجویٹ رائے دہندے تعلیم یافتہ اور باشعور ہیں اور وہ بنڈی سنجے کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔1