بی جے پی کی مبینہ غیر قانونی وصولی کے خلاف عآپ کا احتجاج

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بدھ کو یہاں بی جے پی کے دفتر پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر غیر قانونی وصولی کا الزام لگایا۔ عآپ کے سینئر لیڈر اور انچارج درگیش پاٹھک نے کہاکہ ہمیں پوری دہلی سے شکایات مل رہی ہیں کہ بی جے پی لیڈر دہلی کے تمام گھروں میں کمی نکال رہے ہیں۔ کسی سے یہ کہہ رہے ہیں کہ آپ کے گھر میں یہ مسئلہ ہے ، چھجہ غلط بنوایا گیا ہے ، نالہ کھلا ہے ۔ اگر آپ اپنا گھر گرانا نہیں چاہتے تو ہمیں اتنے پیسے دے دیں ورنہ ہم آپ کے گھر پر بلڈوزر چلوا دیں گے ۔ بی جے پی 15 برسوں سے کارپوریشن میں ہے ۔ پہلے اس نے خود غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دی۔ شکست کے خوف سے انتخابات ملتوی کر دیے ۔ اب انہیں معلوم ہے کہ الیکشن میں چھ ماہ یا ایک سال باقی ہیں، اس لیے وہ جو بھی کریں، انہیں اپنی جیبیں بھرنی ہیں۔مسٹر پاٹھک کی قیادت میں کارپوریشن میں اپوزیشن کے تینوں لیڈروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے ۔شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے قائد حزب اختلاف وکاس گوئل نے کہا کہ بی جے پی پوری طرح سے ‘بھارتیہ غنڈہ پارٹی’ بن چکی ہے ۔ بی جے پی کے سبھی لیڈر چاہے وہ ریاستی صدر آدیش گپتا ہوں، ان کے کونسلر ہوں،ا سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ہوں، اپنے زون کے چیئرمین ہوں، جس طرح سے وہ دہلی کے لوگوں کو ڈرا رہے ہیں کہ اگر آپ ہمیں پیسے نہیں دیں گے تو آپ کا گھرزمیں بوس ہو جائے گا۔ گرا دیا جائے گا۔ دکانوں کو ٹرانسفر فیس، ہاؤس ٹیکس کے نوٹس بھیجے جا رہے ہیں اور اس کی آڑ میں غیر قانونی وصولی کی جا رہی ہے۔