بی جے پی کے تمام وعدے جھوٹے نکلے : عآپ

   

نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ بی جے پی انتخابات کے دوران کئے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔اے اے پی کے دہلی ریاستی کنوینر سوربھ بھاردواج نے آج دہلی حکومت کے گزشتہ 100 دنوں کا رپورٹ کارڈ پیش کیا اور کہاکہ “ہم نے سنا ہے کہ بی جے پی کی حکومت والی دہلی حکومت اپنے 100 دنوں کے دور کا ایک رپورٹ کارڈ تیار کر کے دہلی کے عوام کے سامنے پیش کرنے جا رہی ہے ۔ بی جے پی جھوٹے رپورٹ کارڈ کے ذریعے اپنی 100 دنوں کی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ۔بھاردواج نے کہاکہ رپورٹ کارڈ میں ہم نے بتایا ہے کہ دہلی حکومت نے گزشتہ 100 دنوں میں یہاں کے لوگوں کے ساتھ کیا دھوکہ کیا ہے ؟ بی جے پی حکومت نے دہلی میں فرشتے یوجنا کو بند کر دیا ہے ، جس کی وجہ سے روزانہ درجنوں حادثات کے متاثرین بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے موت کے خطرے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس رپورٹ کارڈ میں بی جے پی کے ایک اور جھوٹ کو بے نقاب کیا ہے جس میں بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ جہاں کچی آبادی ہے اسی جگہ مکانات دیے جائیں گے ، بی جے پی حکومت بننے کے بعد اب کچی آبادیوں کو مکان نہ دے کر ان کے گھروں پر بلڈوزر چلا کر ان کی کچی بستیاں گرائی جارہی ہیں۔