ترنگا کو الٹا پکڑنے پر سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں موضوع بحث
حیدرآباد ۔ 13 اگست (سیاست نیوز) قوم پرستی اور حب الوطنی کے نعرے لگانے والی بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے ترنگا الٹا پکڑتے ہوئے قومی پرچم کی توہین کی ہے۔ مرکزی بی جے پی حکومت نے آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر سارے ملک میں آزادی کا امرت مہااتسو منانے کا اعلان کیا ہے۔ ویسے تمام سیاسی جماعتوں، رضاکارانہ تنظیموں اور مختلف اداروں کی جانب سے آزادی کا ڈائمنڈ جوبلی جشن منایا جارہا ہے۔ تاہم بی جے پی کی جانب سے خود کو قوم پرست قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس معاملے میں حیدرآباد کے گوشہ محل کی نمائندگی کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ پیش پیش ہے۔ دو دن قبل ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ایک رکشہ راں کو اپنے رکشہ پر قومی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا گیا اور اس پر فخر کا اظہار کیا تھا لیکن آج سوشل میڈیا میں راجہ سنگھ کی ایک تصویر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں بی جے پی کے رکن اسمبلی کو الٹا قومی پرچم تھامے دیکھا گیا ہے۔ اس پر عوام اپنی اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ ایک عوامی منتخب نمائندے کی جانب سے جو غلطی کی گئی ہے وہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ اب د یکھنا ہے بی جے پی کے رکن اسمبلی اس پر کیا ردعمل کا اظہار کرتے ہیں۔ وہ معذرت خواہی کرتے ہیں یا اپنے اقدام کو درست قرار دیتے ہیں۔ن