بی جے پی کے رکن اسمبلی راکیش ریڈی کیخلاف عوام میں برہمی

   

حلقہ اسمبلی آرمور کے مختلف مقامات پر پوسٹرس کے ذریعہ سوالات کی بوچھار
حیدرآباد۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے چند سیاسی پارٹیوں کی جانب سے کبھی پورے نہ ہونے والے وعدے کرتے ہوئے عوام کو ’’ہتھیلی میں جنت‘‘ دکھایا جارہا ہے۔ الیکشن جیت جانے کے بعد پھر وہ دوبارہ عوام کا سامنا نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے عوام میں ایسے قائدین کے خلاف برہمی پائی جارہی ہے اور عوام ایسے قائدین سے وعدوں کے بارے میں جواب مانگ رہے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ ضلع نظام آباد کے اسمبلی حلقہ آرمور میں پیش آیا ہے۔ بی جے پی کے امیدوار پی راکیش ریڈی نے اسمبلی انتخابات کے دوران عو ام سے ڈھیر سارے وعدے کئے۔ ایک سال گذر جانے کے باوجود وہ وعدے پورے نہ ہونے کی وجہ سے عوام نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کے خلاف اسمبلی حلقہ آرمور کے مختلف مقامات پر وال پوسٹرس لگاتے ہوئے رکن اسمبلی پی راکیش ریڈی کی مخالفت کرنا شروع کردیا ہے۔ راکیش ریڈی نے اسمبلی انتخابات کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ایک روپئے میں طبی سہولت دی جائے گی اور ساتھ ہی ساتھ نوجوانوں کو روزگار دیا جائے گا، ہر بے گھر فرد کو مکان فراہم کیا جائے گا۔ اسمبلی حلقہ آرمور کے عوام ان وعدوں کو پوسٹرس چسپاں کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی سے سوال کررہے ہیں کہ ان وعدوں کو کب پورا کیا جائے گا۔ یہ پوسٹرس اسمبلی حلقہ آرمور میں موضوع بحث بن چکے ہیں۔ 2