بی جے پی ہی ٹی آر ایس کی متبادل : ڈی کے ارونا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی قائد شریمتی ڈی کے ارونا نے الزام عائد کیا کہ جوتشیوں کے چنگل میں پھنسے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ اپنے فرزند کے ٹی راما راؤ کو چیف منسٹر بنانے اسمبلی و سکریٹریٹ عمارتوں کو منہدم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چندرشیکھر راؤ کی اپنے فرزند کو چیف منسٹر بنانے کی کوششوں سے تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں اندرونی خلفشار شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے سدی پیٹ میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کی کوشش کو بی جے پی کامیاب ہونے نہیں دیگی بلکہ ان کو ناکام بنانے اقدامات کریگی۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس میں اختلافات و تنازعات کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ تنازعات و اختلافات جلد عوام کے سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ تلنگانہ میں چندرشیکھر راؤ کی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو شکست دے کر اقتدار حاصل کرنے کی ہمت و صلاحیت صرف بی جے پی میں ہے۔ علاوہ ازیں ٹی آر ایس حکومت آئندہ پانچ سال تک برسر اقتدار رہنے سے متعلق تلنگانہ عوام میں شکوک و شبہات پائے جارہے ہیں کیوں کہ ٹی آر ایس میں اندرونی اختلافات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔