قائد اپوزیشن راہول گاندھی کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کا منصوبہ، ارکان پارلیمنٹ کیلئے تحفظات پر پریزنٹیشن، مرکزی وزراء سے نمائندگی
حیدرآباد 21 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کے پاس زیرالتواء 42 فیصد بی سی تحفظات بل کی منظوری کیلئے ہمخیال پارٹیوں کے ذریعہ مرکز پر دباؤ بنانے چیف منسٹر ریونت ریڈی 24 جولائی کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ چیف منسٹر کے دورہ کے تفصیلی پروگرام کو قطعیت دی جارہی ہے اور اُمید ہے کہ قائد اپوزیشن راہول گاندھی کے ہمراہ وزیراعظم مودی سے ملاقات کرکے بی سی تحفظات کو دستور کے نویں شیڈول میں شامل کرنے کی نمائندگی کرینگے۔ کانگریس کے تلنگانہ ارکان پارلیمنٹ نے چیف منسٹر کے دورہ کی تیاریوں اور وزیراعظم سے ملاقات کا وقت حاصل کرنے کی مساعی تیز کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے دفتر سے وزیراعظم کے دفتر کو ملاقات کا وقت مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ چیف منسٹر جمعرات کو نئی دہلی پہونچنے کے بعد صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور قائد اپوزیشن راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے۔ اُسی دن شام میں اے آئی سی سی کے ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے لئے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور دیگر وزراء کی موجودگی کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس ارکان پارلیمنٹ کو طبقاتی سروے، بی سی تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی پر تفصیلی پریزنٹیشن دیا جائے گا۔ دیگر ریاستوں کے ارکان پارلیمنٹ کو مدعو کرنے کی ذمہ داری تلنگانہ ارکان کو دی گئی ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات کی صورت میں بی سی تحفظات بل کے علاوہ مختلف ترقیاتی پراجکٹس کے لئے فنڈس کی اجرائی کی درخواست کی جائے گی۔ چیف منسٹر یوں تو وزیراعظم سے پہلے بھی ملاقات کرچکے ہیں تاہم بی سی تحفظات کا نظریہ چونکہ راہول گاندھی کا ہے لہذا اِس نظریہ کی کامیابی کے لئے راہول گاندھی کے ہمراہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا منصوبہ ہے تاکہ دستوری ترمیم کے لئے ٹھوس نمائندگی کی جاسکے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر 2 یا 3 دن نئی دہلی میں قیام کریں گے۔ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے دوران چیف منسٹر کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ کانگریس کے تمام ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ انڈیا الائنس پارٹیوں کے ارکان سے بھی بہ آسانی ملاقات ممکن ہے۔ چیف منسٹر نئی دہلی میں قیام کے دوران مختلف مرکزی وزراء سے نمائندگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران سماجی انصاف کا نعرہ دیا تھا جس کے تحت پسماندہ طبقات کو آبادی کے مطابق تحفظات کی تعلیم اور روزگار کے علاوہ سیاست میں فراہمی کا وعدہ کیا گیا۔ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے طبقاتی سروے کا کامیابی سے انعقاد عمل میں لایا اور حکومت نے 42 فیصد تحفظات کا بل اسمبلی میں پیش کیا۔ چیف منسٹر نے نئی دہلی کے دورہ کے شیڈول کے سلسلہ میں قریبی وزراء سے مشاورت کی ہے۔ قومی سطح پر راہول گاندھی کے سماجی انصاف کے نظریہ کو پیش کرنے میں چیف منسٹر کا یہ دورہ معاون ثابت ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی ہائی کمان سے ملاقات کے دوران ریاست میں فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اور مجالس مقامی انتخابات پر بات ہوگی۔ حکومت کی جانب سے آرڈیننس کی تیاریوں کی تفصیلات سے ہائی کمان کو واقف کرایا جائے گا۔ آرڈیننس کی منظوری کی صورت میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن پنچایت راج اداروں کے چناؤ کا شیڈول جاری کرے گا اور 30 ستمبر سے قبل مجالس مقامی انتخابات کا مرحلہ مکمل کرنے کی تلنگانہ ہائیکورٹ نے ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر کے دورہ دہلی کی اطلاع ملتے ہی پارٹی کے کئی قائدین بھی دارالحکومت روانگی کی تیاری میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے عہدیداروں کو دورہ کا پروگرام انتہائی راز میں رکھنے کی ہدایت دی ہے کیوں کہ عام طور پر چیف منسٹر جس فلائٹ سے پرواز کرتے ہیں، کانگریس قائدین بھی اُسی فلائٹ میں اپنا ٹکٹ بُک کررہے ہیں تاکہ سفر کے دوران ریونت ریڈی سے نجی اُمور پر گفتگو کی جاسکے۔1