بی سی تحفظات پر ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد مجالس مقامی کے انتخابات : مہیش کمار گوڑ

   

وزراء کو بیان بازی سے گریز کی ہدایت، تادیبی کارروائی کا انتباہ، جوبلی ہلز ضمنی چناؤ پر ہائی کمان کا فیصلہ قطعی ہوگا
حیدرآباد ۔ 20۔ جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے مجالس مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں موقف کی وضاحت کی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی سی تحفظات کا مسئلہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے اور ہائی کورٹ کے فیصلہ کے بعد ہی انتخابات منعقد کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء کو عدالت میں زیر التواء امور کے بارے میں اظہار خیال سے گریز کرنا چاہئے ۔ مہیش کمار گوڑ نے وزیر مال سرینواس ریڈی کی جانب سے مجالس مقامی کے انتخابات کے بارے میں دیئے گئے بیان پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ حساس مسائل اور عدالت میں زیر دوران امور کے بارے میں بیان بازی سے گریز کیا جانا چاہئے ۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں کارکنوں کو تیار کرنے اور ان میں جوش اور ولولہ پیدا کرنے کیلئے ریاستی وزیر نے عنقریب چناؤ سے متعلق بیان دیا تھا۔ ورنگل ضلع میں کانگریس قائدین کو اختلافات اور خاص طور پر سابق رکن کونسل کونڈا مرلی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کونڈا مرلی کے بیان پر رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹی اور پارٹی کے مبصرین کی جانب سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی کوئی تبصرہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کونڈا مرلی کو ہدایت دی کہ وہ کسی بھی متنازعہ بیان سے گریز کریں۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونڈا مرلی نے دیگر پارٹیوں سے کانگریس میں آنے والے قائدین کو عہدوں سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین نے پارٹی ہائی کمان سے شکایت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے ریاستی وزراء کو ہدایت دی ہے کہ وہ دیگر وزارتوں کے بارے میں بیان بازی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر محکمہ جات کے بارے میں بیان بازی کی صورت میں کارر وائی کی جاسکتی ہے ۔ مجالس مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں ریاستی وزراء کو بیان بازی سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر سرینواس ریڈی نے اپنے بیان کے سلسلہ میں وضاحت جاری کی ہے۔ سرینواس ریڈی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کارکنوں کو الیکشن کیلئے تیار کرنے کے مقصد سے بیان دیا تھا۔ صدر پردیش کانگریس نے وزراء پر واضح کیا کہ حدود سے تجاوز کی صورت میں تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اور قائدین کو ڈسپلن شکنی سے گریز کرنا چاہئے ۔ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں سوال پر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہائی کمان کا فیصلہ قطعی ہوگا۔ انہوں نے محمد اظہرالدین کی جانب سے ضمنی چناؤ کے مقابلہ میں ہونے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اظہرالدین گزشتہ انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرچکے ہیں اور وہ دوبارہ ٹکٹ کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسے میں ان کا بیان کوئی غلط نہیں ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ امیدوار کے انتخاب کے لئے کانگریس پارٹی میں طریقہ کار موجود ہے اور ٹکٹ کے خواہشمندوں کو درخواست دینی پڑتی ہے۔ پردیش الیکشن کمیٹی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد دو یا تین ناموں کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کو سفارش کرتی ہے اور کانگریس ورکنگ کمیٹی امیدوار کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی امیدواری کا دعویٰ کریں، اسے پارٹی کا اعلان تصور نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں پارٹی ٹکٹ کیلئے کئی دعویدار میدان میں آچکے ہیں۔1