بی سی سی آئی کی جموں و کشمیر کیلئے ذیلی کمیٹی

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے عدالت کے فیصلے کے مطابق جموں وکشمیر کرکٹ اسوسی ایشن (جے کے سی اے ) کے کام کاج کی نگرانی کے لئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔در اصل جموں وکشمیر کی ایک ڈویژن بنچ نے مارچ میں بی سی سی آئی کو ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی ، جس پر عمل کرتے ہوئے بعد بی سی سی آئی نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔ بی سی سی آئی کے مطابق یہ کمیٹی بورڈ کے صدر سوروگنگولی ، سکریٹری جے شاہ ، خزانچی ارون دھومل اور نائب صدر راجیو شکلا پر مشتمل ہے ۔ بورڈ نے اس کمیٹی کی دیکھ ریکھ میں جے کے سی اے کے ہر روز کے کام کاج کو دیکھنے کے لئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا۔بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا، ذیلی کمیٹی میں بریگیڈیر انل گپتا، متھن منہاس اور سنیل شیٹھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ماجد ڈار سری نگر میں کرکٹ کی ترقی سے متعلق کام کاج دیکھیں گے اور ذیلی کمیٹی کے اراکین کو رپورٹ کریں گے ۔