بی ونود کمار ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشیل سائنسس اڈوائزری کونسل میں شامل

   

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار کو ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشیل سائنسس کی اڈوائزری کونسل کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ ونود کمار دو برسوں تک اس عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ انسٹی ٹیوٹ کے حیدرآباد کیمپس کے ڈائرکٹر پروفیسر شالینی بھرت نے صدرنشین ایس رامادورائے کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کا اعلان کیا ۔ سینئر پارلیمنٹرین کے علاوہ نظم و نسق میں وسیع تر تجربہ اور پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین کے عہدے کے پیش نظر انہیں اڈوائزری کونسل میں شامل کیا گیا ہے ۔ ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف سوشیل سائنسس کا قیام 1936 ء میں عمل میں آیا۔ سر دراب جی ٹاٹا گریجویٹ اسکول آف سوشیل ورک کے نام سے آغاز ہوا تھا۔ اس سلسلہ میں ونود کمار کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے تقرر کی اطلاع دی گئی ہے۔ 1964 ء میں مرکزی حکومت نے انسٹی ٹیوٹ کو ڈیمڈ یونیورسٹی کا درجہ دیا۔ انسٹی ٹیوٹ کا مین کیمپس ممبئی میں ہے جبکہ تلجا پور (مہاراشٹرا) ، حیدرآباد، اور گوہاٹی میں آف کیمپس قائم کئے گئے۔ سوشیل سائنسس کے شعبہ میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں ادارہ کا اہم رول ہے۔ متحدہ آندھراپردیش حکومت کی دعوت پر حیدرآباد میں کیمپس قائم کیا گیا۔ حیدرآباد میں مختلف اسپیشالیٹیز کے تحت 6 ماسٹرس پروگرام چلائے جاتے ہیں۔ ونود کمار کو اڈوائزری کونسل میں شمولیت پر سماج کے مختلف گوشوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔