حیدرآباد۔30۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے صدرنشین کے عہدہ پر حکومت تلنگانہ کی جانب سے مسٹر بی وینکٹیشم آئی اے ایس کو مقرر کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن مسٹر مہندر ریڈی کی معیاد 2 ڈسمبر کو ختم ہورہی ہے اور وہ آئندہ دو یوم اپنی ذمہ داریوں پر برقرار رہیں گے ۔مسٹر مہندر ریڈی صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کی عمر2 ڈسمبر کو 62سال ہوجائے گی جس کے بعد وہ صدرنشین پبلک سروس کمیشن کے عہدہ پر برقرار نہیں رہ سکتے اسی لئے ان کی معیاد مکمل ہونے پر حکومت کی جانب سے مسٹر بی وینکٹیشم کو یہ ذمہ داری تفویض کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد مسٹر بی وینکٹیشم کو پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعلیم کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی اور وہ چیف کمشنر وبھار ت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس کی بھی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ حکومت نے انہیں حالیہ عرصہ میں محکمہ پسماندہ طبقات کے پرنسپل سیکریٹری کی بھی زائد ذمہ داری تفویض کی تھی ۔ مسٹر بی وینکٹیشم ریاست میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں جن میں کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن ‘ کمشنر ٹیکنیکل ایجوکیشن کے علاوہ وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی کے عہدہ پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے چند ہفتہ قبل صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کے عہدہ کے لئے درخواستیں طلب کی گئی تھیں اور چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری کی نگرانی میں موصول ہونے والی درخواستوں کی تنقیح کے عمل کی تکمیل کے بعد مسٹر بی وینکٹیشم کو صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کی ذمہ داری دینے کے احکام جاری کئے گئے ہیں جو کہ 2 ڈسمبر کو موجودہ صدرنشین مسٹر ایم مہندر ریڈی سے اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کریں گے۔3