بے بنیاد اور گمراہ کن اطلاعات پھیلانے کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

   

حیدرآباد ۔ 16 فبروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے بے بنیاد اور گمراہ کن اطلاعات کو پھیلانے اور سوشل میڈیا کے ذریعہ عام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ ممبئی کے ایک ہائپر مارکٹ میں پولیس کی جانب سے کی گئی آزمائشی مشن کو حیدرآباد کے اناپور علاقہ سے جوڑتے ہوئے بم کی جھوٹی اطلاع کی بے بنیاد خبر کو عام کردیا گیا۔ اس جھوٹی اور بے بنیاد خبر کے سبب شہر و نواحی علاقوں کے علاوہ ریاست بھر میں سنسنی پھیل گئی۔ شہریوں میں خوف و ہراس کا سبب بننے والی اس خبر کو سائبر کرائم پولیس نے بھی فوری سوشل میڈیا کے ذریعہ بے بنیاد قرار دیا اور عوام میں خوف و بے چینی کو کم کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ تاہم پولیس سائبرآباد ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد زون مسٹر پرکاش ریڈی نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہ پر توجہ نہ دیں اور فوری پولیس کو بذریعہ فون 100 یا پھر برائے واٹس ایپ 9490617444 پر ربط کریں۔ انہوں نے شہریوں کو اطمینان سے رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ پولیس چوکس ہے۔