بے روزگاری سے عاجز آکر منچریال میںنوجوان کی خودکشی

   

خودکشی نوٹ حکومت کیلئے باعث شرم : ریونت ریڈی
حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) منچریال ضلع کے کوٹہ پلی منڈل میں ایک تعلیم یافتہ نوجوان اے مہیش نے بیروزگاری سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ مہیش نے خودکشی نوٹ میں لکھا کہ اس کی تعلیم کیلئے والدین نے بھاری قرض حاصل کیا ہے۔ تعلیم کے تکمیل کے بعد وہ روزگار سے محروم ہے جس کے نتیجہ میں وہ خاندان کی کفالت سے قاصر ہے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا اور اگر حکومت تقررات کرتی تو بیروزگاری کا مسئلہ حل ہوتا۔ مہیش نے خودکشی نوٹ میں تحریر کردہ اُمور کو چیف منسٹر کے سی آر تک پہنچانے کی درخواست کی۔ مہیش کا کہنا ہے کہ ریاست میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے مہیش کی خودکشی کی خبر اور خودکش نوٹ کے ساتھ ٹوئیٹ کیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ فرانس سے ہزاروں کروڑ کی سرمایہ کاری کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ کے ٹی آر سرمایہ کاری کے ذریعہ لاکھوں روزگار فراہم کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مہیش جیسے نوجوانوں کی خودکشی اور بیروزگاری کے سبب موت سے کے ٹی آر کو شرم آنی چاہیئے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بیروزگاری کے سبب خودکشی جیسے انتہائی اقدام سے گریز کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ موت نہیں بلکہ ہمیں روزگار کیلئے جدوجہد کرنی چاہیئے۔ر