نوٹس ملتے ہی قلب میں تکلیف کی شکایت ، ریاستی وزیر کو تحقیقات میں تعاون کا مشورہ
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے انکم ٹیکس دھاوؤں پر ریاستی وزیر لیبر ملاریڈی کے بیانات کی مذمت کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رگھونندن راؤ نے کہا کہ ملا ریڈی کا تبصرہ غیر ذمہ دارانہ ہے اور انکم ٹیکس کی کارروائیوں کو سیاسی اُمور سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔ قانون کے سامنے ہر کوئی یکساں ہیں اور کسی بھی انکم ٹیکس کے عہدیدار نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر کسی پر ہاتھ نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس کے عہدیدار محکمہ کو موصولہ شکایات کی بنیاد پر دھاوے کرتے ہوئے جانچ کرتے ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے کہا کہ ملا ریڈی کی جانب سے یہ الزام درست نہیں ہے کہ انکم ٹیکس عہدیداروں نے ان کے فرزند کی پٹائی کی ہے۔ ملا ریڈی کے فرزند کی خرابی صحت پر تبصرہ کرتے ہوئے رگھونندن راؤ نے کہا کہ جس کسی کو نوٹس موصول ہو وہ قلب میں تکلیف کی شکایت کرتے ہوئے ہاسپٹل سے رجوع ہوجاتے ہیں۔ ملاریڈی کے فرزند نے پیر کی صبح مارننگ واک کیا تھا لیکن نوٹس کے ملتے ہی انہیں قلب میں تکلیف شروع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ملاریڈی کے اداروں میں کام کرنے والے افراد کی جانب سے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر ملا ریڈی بے قصور ہیں تو انہوں نے اپنا فون کچرے دان میں چھپانے کی کوشش کیوں کی۔ فون چھپانے کی کوشش سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کچھ نہ کچھ معاملہ تحقیقات طلب ضرور ہے۔ رگھونندن راؤ نے کہا کہ انکم ٹیکس عہدیدار جو بھی سوال کریں اس کا جواب دے کر تحقیقات میں مدد کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج اور بیانات کے ذریعہ تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر کی حیثیت سے ملا ریڈی کو قانون کا احترام کرنا چاہیئے۔ ملا ریڈی کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہیئے کہ انہیں اپنا سیل فون کچرے دان میں چھپانے کی ضرورت کیوں پڑی۔ر