بے گناہ کے قتل میں ملوث دو افراد بشمول خاتون گرفتار

   

حیدرآباد ۔21 ستمبر (سیاست نیوز) حبیب نگر پولیس نے ایک بے گناہ کے قتل میں ملوث دو افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ حبیب نگر پولیس کے مطابق 17 ستمبر کی رات خواجہ نظام الدین عرف خالد کا قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس حبیب نگر نے اس سلسلہ میں 50 سالہ رینوکا ساکن بازارگھاٹ نامپلی اور 39 سالہ ایم وینکٹیش ساکن جے آر نگر خیریت آباد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد بھائی بہن بتائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتول پرگتی پریس میں سوپروائزر کا کام کرتا تھا اور اس پریس میں رینوکا کا شوہر بھی کام کرتا تھا۔ مقتول اکثر رینوکا کے مکان جایا کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول پر رینوکا کے ساتھ ناجائز تعلقات کے سنگین الزامات تھے۔ 17 ستمبر کو بھی مقتول رینوکا کے مکان پہنچا اور اس وقت رینوکا کے علاوہ مکان میں کوئی نہیں تھا۔ اس دوران مقتول نے رینوکا سے مبینہ طور پر جنسی خواہش ظاہر کی لیکن رینوکا نے انکار کردیا اور مقتول کا گلا گھونٹ کر اس کا قتل کردیا جس کے بعد اپنے بھائی وینکٹیش کو طلب کیا اور دونوں نے نعش کو مکان کے باہر پھینک دیا۔ شبہ کی بنیاد پر پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ڈاکٹرس کی ابتدائی رائے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور ٹیکنیکل بنیاد پر تحقیقات کے رخ کو موڑتے ہوئے ان دونوں قاتلوں کو گرفتار کرلیا اور عدالتی تحویل میں دیدیا۔ع