تاج جی وی کے ہوٹلس کا نصف سے زائد حصہ فروخت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ یکم ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : مہمان نوازی کے شعبے میں دہائیوں پر محیط شراکت داری اپنے اختتام کو پہنچی ہے۔ ٹاٹا گروپ کی انڈین ہوٹلس کمپنی لمٹیڈ نے تاج جی وی کے ہوٹلس اینڈ ریزروٹس کے ساتھ اپنے مشترکہ منصوبے کو مکمل طور پر چھوڑ دیا ہے ۔ آئی ایچ سی ایل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے تاج جی وی کے میں اپنا 25.52 فیصد حصہ پروموٹر گروپ کی ثالینی بھوپال کو فروخت کردیا ہے ۔ آئی ایچ سی ایل نے 1.60 کروڑ شیئرز کو جملہ 592 کروڑ روپئے میں فروخت کئے ۔ اس کے نتیجہ میں جی وی کے تاج میں جی وی کے بھوپال خاندان کا حصہ 49 فیصد سے بڑھ کر 74.99 فیصد ہوگیا ہے ۔ جس سے انہیں کمپنی پر مکمل ملکیتی حقوق مل گئے ۔ بورڈ کے تمام آئی ایچ سی ایل نامزد ڈائرکٹرس نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ۔ 2011 کے شیئر ہولڈرز کا معاہدہ اور 2007 کا ٹریڈ مارک لائسنس کا معاہدہ بھی ختم کردیا گیا ہے ۔ ملکیت کی تبدیلی کے تناظر میں کمپنی نے اپنے کارپوریٹ نام سے لفظ تاج کو ہٹا کر نیا نام اپنانے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ ہوٹل انتظامیہ سے پہلے کئے گئے معاہدے معمول کے مطابق جاری رہیں گے ۔ یعنی ابھی کے لیے تاج کرشنا اور تاج دکن جیسے ہوٹل پرانے برانڈ ناموں سے چلتے رہیں گے ۔ آئی ایچ سی ایل اب صرف مینجمنٹ پارٹنر کے طور پر خدمات فراہم کرے گا ۔ اسٹاک مارکٹ میں اہم لین دین میں پروموٹر گروپ کے اسٹار لائٹ ٹرسٹ ( 12.5 لاکھ شیئر ) اور مون لائٹ ٹرسٹ ( 12.5 لاکھ شیئر ) نے کھلے بازار میں 420.34 روپئے فی شیئر کے حساب سے 25 لاکھ شیئر فروخت کئے جس میں کل 105 کروڑ روپئے ہوئے جو ان کے شیئر کے تقریبا 3.98 فیصد کے برابر ہے اس کا ایک بڑا حصہ معروف میوچل فنڈ کمپنی نپن انڈیا نے اپنی AIF اسکیم کے ذریعے تقریبا 15.2 لاکھ شیئر کو 2.4 فیصد خریدے ہیں ۔ جی وی کے گروپ آنے والے وقت میں اپنی صلاحیت کو مزید وسعت دینے کی کوشش کررہا ہے جس کے لیے نئے ہوٹل بنگلور میں تعمیر کرے گا ۔۔ ش