تاریخی اور قدیم مخطوطات کے تحفظ کے لیے اقدامات قابل ستائش

   

اسٹیٹ میوزیم میں مخطوطات کی نمائش اور کیٹلاگ کی اجرائی ، ڈاکٹر غلام علی حداد عادل، آغا مہدی شاہ رخی ، جناب عامر علی خاں اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری (سیاست نیوز) نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر نئی دہلی نے ڈپارٹمنٹ آف ہیرٹیج تلنگانہ اور تلنگانہ اسٹیٹ آرکائیوز اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے قدیم اور تاریخی مینو اسکرپٹ کے تحفظ اور ان کے کیٹلاگ کی تیاری کا اہتمام کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں آج اسٹیٹ میوزیم باغ عاملہ میں نمائش اور کیٹلاگ کی اجرائی عمل میں آئی ۔ ایرانی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر ہز ایکسلینسی ڈاکٹر غلام علی حداد عادل ، ڈاکٹر کے لکشمی آئی اے ایس ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف ہیرٹیج تلنگانہ ، ہز ایکسلینسی آغا مہدی شاہ رخی کونسل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران متعینہ حیدرآباد ، جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل ، ڈاکٹر زرینہ پروین ڈائرکٹر اسٹیٹ آرکائیوز ، شریمتی پی انو رادھا ریڈی رکن گورننگ کونسل انٹاچ، پروفیسر ایس ایم عزیز الدین حسین سابق ڈائرکٹر رضا لائبریری رام پور اور دیگر شخصیتوں میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ ڈاکٹر علی اے نیرومند ریجنل ڈائرکٹر ساؤتھ انڈین اسٹیٹ نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر نے خیرمقدمی تقریر میں تاریخی مخطوطات کے تحفظ کیلئے نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی خدمات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کے تعاون سے تاریخی مخطوطات کو ڈیجٹلائیز کرتے ہوئے کیٹلاگ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ نئی دہلی میں واقع ایرانی سفارتخانہ اور حیدرآباد کے کونسلیٹ کی جانب سے اس سلسلہ میں مکمل تعاون حاصل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر غلام علی حداد عادل نے نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی خدمات کو سراہا جس نے حیدرآباد میں تاریخی مخطوطات کے تحفظ کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کیٹلاگ کی تیاری کی ستائش کی اور کہا کہ یہ ریسرچرس کے لئے مددگار ثابت ہوگا۔ جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ کسی بھی قوم کی تاریخ اور تہذیب کا تحفظ نئی نسلوں کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کی خدمات کی ستائش کی ۔ انہوں نے مخطوطات کے تحفظ کیلئے تلنگانہ حکومت کے ادارہ جات کی مساعی کو سراہا ۔ ڈاکٹر کے لکشمی آئی اے ایس اور ڈاکٹر زرینہ پروین نے نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کے ذمہ داروں سے اظہار تشکر کیا۔ پروفیسر ایس ایم عزیز الدین حسین نے مینو اسکرپٹ کے تحفظ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ وہ ابتداء ہی سے نور انٹرنیشنل سنٹر سے وابستہ ہیں۔ گزشتہ چالیس برسوں میں 51 سے زائد لائبریریز میں مخطوطات کے تحفظ کیلئے خدمات انجام دی گئی ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے۔1