تاریخی عمارت چارمینار عاشقوں کے اڈہ میں تبدیل ‘ مسجد کا تقدس پامال

   

بعض جوڑوں کی بیہودہ حرکات۔ اطراف کا ماحول متاثر۔ روک تھام کے اقدامات ضروری

حیدرآباد 12 اگسٹ(سیاست نیوز) چارمینار کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیئے جانے کے بعد اب یہاں بے ہودہ مناظر اور مسجد کے تقدس کو پامال کرنے والے نظارے معمول بنتے جا رہے ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ کے تحت موجود شہر کی اس عظیم الشان عمارت جس کی بالائی منزل پر مسجد موجود ہے کی پہلی منزل عاشقوں کے اڈہ میں تبدیل ہونے لگی ہے اور اکثر جوڑے برسر عام بیہودہ حرکتیں نظر آرہے ہیں اور انہیں کوئی روکنے والا نہیں ہے۔چارمینار کی بالائی منزل پر سیاح اکثر شام کے اوقات جب عمارت خالی ہوتی ہے سناٹے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بے ہودہ حرکات میں ملوث ہونے لگے ہیں ۔ عمارت کی سیکیوریٹی پر مامور عملہ سے استفسار پر عملہ نے بتایا کہ ممکنہ حد تک عاشق جوڑوں کو غیر اخلاقی حرکات سے روکنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن حالیہ عرصہ میں ایسی حرکتوں میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے اور وہ تصویر کشی کے بہانے یا کسی اور مقصد کیلئے ایک دوسرے سے بغلگیر ہورہے ہیں یا اوپری منزل پر تاریک حصہ میں چھپنے لگے ہیں۔ چارمینار کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد چارمینار پہنچ رہی ہے لیکن سیاح مسجد کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی عوام نے پہلی منزل پر ان حرکات کی پولیس سے بھی شکایت کی ہے اورپولیس بھی اس سے واقف ہے لیکن یہ سلسلہ جاری ہے۔ چارمینار کے دامن میں موجود تاجرین نے بتایا کہ رات دیر گئے چارمینار کے دامن میں تفریح کیلئے پہنچنے والے جوڑے سرعام غیر اخلاقی حرکتوں کے مرتکب بن رہے ہیں اور چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ حدود میں انہیں ان غیر اخلاقی حرکات سے روکنے والا کوئی نہیں ہے حالانکہ تاریخی عمارت کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے ہیں اس کے باوجود ان جوڑوں کی حرکتوں پر کوئی روک نہیں ہے۔مقامی تاجرین وغیرہ کا کہناہے کہ رات میں چارمینار پیدل راہرو کے حدود میں سیاحوں پر نظر رکھی جائے اور انہیں غیر اخلاقی حرکات سے روکنا چاہئے بصورت دیگر چارمینار اور اس کے اطراف کا ماحول مکدر ہوجائے گا ۔