تاریخی مکہ مسجد میں نئی قالین کا انتظام، شیڈ کی تعمیر مکمل

   

سہولتوں کی فراہمی پر 8 کروڑ کا خرچ، بی شفیع اللہ کی راست نگرانی، رمضان المبارک کے انتظامات مکمل
حیدرآباد۔/21 مارچ، ( سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں رمضان المبارک سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں نئی قالین بچھائی گئی ہے اور صحن میں شیڈ کی تیاری کا کام مکمل کرلیا گیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ کی خصوصی دلچسپی سے رمضان المبارک کی آمد سے قبل تمام تعمیری اور مرمتی کام مکمل ہوچکے ہیں۔ اندرونی حصہ میں موجود تمام 16 گنبدوں میں تزئین نو کا کام مکمل ہوچکا ہے اور افطار و تراویح کے موقع پر اندرونی حصہ میں مکمل جگہ مصلیوں کیلئے استعمال کی جائے گی۔ 2008 میں اس وقت کے وزیر اقلیتی بہبود محمد علی شبیر نے اندرونی حصہ میں قالین کا انتظام کیا تھا جس کے بعد پہلی مرتبہ نئی قالین بچھائی گئی ہے۔ مکہ مسجد میں تمام ضروری کاموں کی تکمیل پر تقریباً 8 کروڑ روپئے کا خرچ آیا ہے۔ بی شفیع اللہ نے بتایا کہ نئی کارپٹ کی نگہداشت کیلئے نئی مشینیں خریدی گئی ہیں اور مینٹننس کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ انتہائی خوبصورت ڈیزائن کی قالین مسجد کی خوبصورتی میں اضافہ کررہی ہے۔ بارش اور دھوپ کی صورت میں مصلیوں کو تکالیف سے بچانے کیلئے ہر سال کی طرح صحن میں شیڈ تیار کیا گیا۔ بی شفیع اللہ نے بلاوقفہ برقی کی سربراہی کیلئے جنریٹرس کا انتظام کیا ہے۔ وضوخانے اور بیت الخلاء کی صفائی کا کام بھی انجام دیا گیا۔ مسجد کے حوض میں صفائی کے علاوہ خوبصورت فوارہ نصب کیا گیا ہے۔ مسجد کے بیرونی حصہ میں ورنگل جیل میں قیدیوں کی جانب سے تیار کردہ جائے نمازیں استعمال کی جارہی ہیں اور نئی جائے نمازوں کے حصول کا منصوبہ ہے۔ سابق میں مسجد کے غیر مستعملہ جائے نمازوں کو مختلف مساجد اور مدارس میں تقسیم کیا گیا تھا۔ تبدیل کی گئی قالین کو بھی مساجد اور مدارس کے حوالے کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں جامعہ نظامیہ سے فتویٰ حاصل کیا جارہا ہے۔ مکہ مسجد کے ساؤنڈ سسٹم کو بہتر بنایا گیا اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد 43 سے بڑھاکر 75 کی گئی ہے ان میں 58 کیمرے کارکرد ہیں۔ بی شفیع اللہ نے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو پابند کیاکہ وہ رمضان المبارک کے دوران وقتاً فوقتاً دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں۔ر