تاریخی چارمینار پر وقت تھم گیا۔ گھڑی تین دن سے بند

   

حکام آمدنی وصول کرنے تک محدود، مرمت سے غافل، شہریوں کا شدید غصہ
حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد کی شناخت اور 400 سال سے زائد قدیم تاریخی عمارت چارمینار اپنے ناقص انتظامی امور اور محکمہ آثارقدیمہ کی عدم توجہی کے باعث مسائل کا شکار ہے۔ تاریخی اہمیت کی حامل اس عالمی شہرت یافتہ عمارت کی لاڈ بازار کی طرف نصب تاریخی گھڑی گزشتہ تین دنوں سے مکمل طور پر بند پڑی ہے جس کی سوئیاں رات کے 12:30 بجے پر رک چکی ہیں۔ مقامی باشندوں اور یہاں آنے والے سیاحوں نے بارہا اس خرابی کی طرف متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کرائی لیکن تین دن گزرجانے کے باوجود ابھی تک اس کی مرمت کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا ہے۔ مقامی شہریوں اور تاجروں نے شدید ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکام اور انتظامیہ کی تمام تر توجہ صرف چارمینار آنے والے ہزاروں ملکی و غیرملکی سیاحوں سے ٹکٹ کی مد میں آمدنی اکھٹا کرنے پر مرکوز ہے جبکہ اس کی دیکھ بھال اور بنیادی مرمت کو مکمل طور پر فراموش کردیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق ماضی میں بھی اس طرح شہریوں اور سیاحوں کی شدید تشویش اور احتجاج کے بعد ہی مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن اب ایک بار پھر وہی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ عالمی سطح پر حیدرآباد کا نام روشن کرنے والی اتنی عظیم تاریخی عمارت کی دیکھ بھال میں اس نوعیت کی کھلم کھلا لاپرواہی پر شہریوں اور تاریخ دانوں نے شدید برہمی اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔2/a/b