تاریخی چارمینار کے دامن میں کسانوں کے قرض معافی کی تائید میں کانگریس کا جشن

   

راہول گاندھی، ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا کی تصاویر کو دودھ سے نہلایا گیا، پرانے شہر کی ترقی کے اقدامات کا یقین

حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) کسانوں کے قرض معافی کے حق میں کانگریس حکومت کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ کی قیادت میں چارمینار کے دامن میں جشن منایا گیا۔ کانگریس قائدین نے اس موقع پر کانگریس قائد راہول گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی تصاویر کو دودھ سے نہلایا۔ چارمینار انچارج مجیب اللہ شریف، بہادر پورہ انچارج پی راجیش، جنرل سکریٹری سی ایچ سرینواس اور حیدرآباد کے تمام بلاکس اور ڈیویژنس کے صدورنشین نے شرکت کی۔ بارش کے باوجود کانگریس قائدین نے جشن میں حصہ لیا اور عوام میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمیر ولی اللہ نے کسانوں کے قرض معافی اسکیم کے تحت 31 ہزار کروڑ کی معافی اور 40 لاکھ کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے فیصلہ کو تاریخی قرار دیا۔ کانگریس نے انتخابی منشور میں کئے گئے اہم وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ قرضہ جات کی معافی کے نتیجہ میں کسان بینکوں سے فصلوں کیلئے نئے قرض حاصل کرپائیں گے اور بہتر فصلوں کی صورت میں آمدنی سے قرض ادا کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کو سالانہ 15 ہزار روپئے فی ایکر ادا کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈیی حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ چیف منسٹر نے پرانے شہر کی ترقی کے بارے میں جو وعدے کئے ہیں اس کے مطابق 1.50 لاکھ کروڑ سے موسی ندی کو خوبصورت بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پراجکٹ کی تکمیل سے موسیٰ ندی کے اطراف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ عنقریب حقیقت میں تبدیل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفرکی سہولت، 500 روپئے میں گیس سلینڈر اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو سفید راشن کارڈ کی اجرائی کا عنقریب آغاز ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سرکاری اسکیمات کیلئے درمیانی افراد سے رجوع نہ ہوں۔1