آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج، صدرنشین بی سی کمیشن جی نرنجن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی برسی کو یوم مخالف دہشت گردی کے طور پر منایا گیا ۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں تقریب منعقد کی گئی جس میں صدرنشین تلنگانہ بی سی کمیشن جی نرنجن نے سابق وزیراعظم کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر آنجہانی قائد کے احترام اور گلزار حوض کے قریب آتشزدگی سانحہ میں ہلاک 17 افراد کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ جی نرنجن نے اس موقع پر عوام کو دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں شامل ہونے کا عہد دلایا ۔ انہوں نے امن و امان کی بحالی اور سدبھاؤنا کے فروغ کا حلف دلایا۔ جی رنجن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کو دہشت گردی نے نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لئے دونوں عظیم قائدین نے اپنی جان نچھاور کی ۔ جی نرنجن نے گلزار حوض کے قریب آتشزدگی کے سانحہ پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائے۔ انہوں نے حکومت سے اس واقعہ کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ نرنجن نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے متاثرہ خاندانوں کے لئے ایکس گریشیا اور زخمیوں کے علاج کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگاری کمیٹی کے قائدین جی آنند ، جی کنہیا لال ، جی راگھویندرا ، راجیش کمار ، مجیب اللہ شریف ، محمد مجاہد ، وینکٹیش مدیراج ، کرشنا کمار ، اشوک ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔1