حوض میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، خوبصورت بنانے کے کام ادھورے
حیدرآباد ۔ 12 (سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے قریب واقع گلزار حوض حکام کی مسلسل لاپرواہی کا شکار ہے۔ حالیہ عرصہ میں گلزار حوض کو خوبصورت بنانے کا دعوی کیا گیا اور لاکھوں روپے خرچ کئے گئے لیکن مختصر مدت میں تعمیری کاموں کے نقائص منظر عام پر آگئے۔ جگہ جگہ دیواروں میں دراڑ اور ٹائلس کے ٹوٹنے کے معاملات منظر عام پر آنے کے بعد حکام نے توجہ مبذول کی۔ تاریخی حوض کو خوبصورت بنانے کا دعوی کیا گیا لیکن بارش کا پانی حوض میں داخل ہوگیا جس کی نکاسی کا کوئی انتظامات نہیں ہے۔ آخر کار بلدی عملہ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے حوض سے بارش کا پانی نکالا گیا۔ شدید بارش کے سبب سڑک سے بہتا ہوا پانی کسی طرح حوض میں داخل ہوگیا جو اس خوبصورت حوض کے لئے خطرہ بن سکتا ہے اور مچھروں کی افزائش بھی ممکن ہے۔ گزشتہ سال حوض کو خوبصورت بنانے کے لئے جو اقدامات کئے گئے وہ غیر معیاری دکھائی دیتے ہیں۔ شہر میں تاریخی عمارتوں کے تحفظ میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا اور بلدی نظم و نسق کے حکام ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ چارمینار کے قریب چار کمانوں کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے درمیان میں حوض تعمیر کیا گیا تھا جس میں ابتداء میں پانی کا فوارہ موجود تھا۔ حکام کو گلزار حوض کی خوبصورتی اور اس کے تحفظ پر توجہ دینی چاہئے۔ معظم جاہی مارکٹ کے تحفظ کے لئے بھی گزشتہ برسوں میں اقدامات کئے گئے لیکن اس تاریخی عمارت کی چھت سے پانی اندرونی حصہ میں داخل ہو رہا ہے۔ چھت کو مستحکم بنانے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ 1