’تانڈو‘پرتنازعہ میںشدت ، فلمساز ، اداکاروں کیخلاف ایف آئی آر درج

   

گریٹر نوئیڈا:ویب سیریز ’تانڈو‘ پر ہنگامہ آرائی تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ منگل کو یہاں گوتم بدھ نگر کے گریٹر نوئیڈا میں واقع تھانہ ربوپورا میں فلم پروڈیوسروں اور اداکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے ۔ویب سیریز میں فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے ، مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور اترپردیش پولیس کی شبیہ کو داغدار کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔گریٹر نوئیڈا کے ڈپٹی پولس کمشنر (ڈی سی پی) راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ تھانہ ربو پورہ کے گاؤں رونیجا میں رہنے والے بہوجن سماج پارٹی کے سابق ڈسٹرکٹ انچارج بلبیر سنگھ آزاد نے ویب سیریز ‘تانڈو’ میں دکھائے گئے دلت کی توہین ، ذات پات کی عداوت ، مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے ، اعلی آئینی عہدوں پر فائز افراد کی غلط باتیں دکھانے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ پولیس نے شکایت کی بنیاد پر تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ ‘تانڈو’ ویب سیریز کے ہدایت کار ، ایمیزون پرائم ویڈیو کے ہندوستانی سربراہ ، اداکار ، اداکارہ اور اسکرپٹ رائٹر کے خلاف اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ اس معاملے میں ایس سی؍ ایس ٹی ایکٹ کا نفاذ کرکے ایک گزیٹیڈ آفیسر اس کی تحقیقات کرے گا۔بی ایس پی کے سابق ڈسٹرکٹ انچارج کا کہنا ہے کہ اس ویب سیریز پارٹ ون کی شوٹنگ گوتم بدھ نگر کے ربوپورہ پولیس اسٹیشن کے گاؤں لینونی ، مرزاپور ، اٹراولی میں کی گئی ہے ، جس میں ویب سیریز میں ایک ایسے معاشرے کے لئے قابل اعتراض تبصرہ کیا گیا ہے جس میں دیگر پسماندہ طبقات کی تذلیل کی گئی ہے ۔ جس نے پورے معاشرے کو تکلیف پہنچی ہے ۔ ان کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس ویب سیریز کے ٹیلی کاسٹ پر فوری پابندی عائد کی جائے ۔ اسی لئے اس نے اس فلم کے پروڈیوسروں اور اداکاروں کے خلاف ربو پورہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔