تبلیغی اجتماع سے واپس ہونے والے افراد اپنا معائنہ کرائیں

,

   

وزیر داخلہ محمود علی کی اپیل، حکومت کی جانب سے تمام سہولتوں کا تیقن

حیدرآباد ۔31 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے نئی دہلی میں تبلیغی جماعت کے اجتماع سے واپس ہونے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے علاقہ کے پولیس اسٹیشنوں سے رجوع ہوں تاکہ ان کا ٹسٹ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی اور شمالی ہند کے دیگر علاقوں سے حال ہی میں واپس ہوئے افراد کو چاہئے کہ وہ بلا جھجھک اپنا ٹسٹ کروائیں اور اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے عہدیداروں سے رجوع ہوں ۔ کورونا ٹسٹ کے ذریعہ نہ صرف انہیں بلکہ حکومت کو اطمینان حاصل ہوگا جو کورونا کی روک تھام کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ محمود علی نے کہا کہ تبلیغی اجتماع سے واپس ہونے والے تمام افراد کی جانچ حکومت کی جانب سے کی جائے گی اور یہ جانچ مفت رہے گی۔ اگر کسی شخص کا ٹسٹ مثبت نکلتا ہے تو حکومت کی جانب سے علاج کا مکمل انتظام کیا جائے گا ۔ ہمیں لاپرواہی یا غفلت کی وجہ سے کسی کو شکایت کا موقع نہیں دینا چاہئے ۔ اطلاعات کے مطابق دہلی سے واپس آنے والے کئی افراد خوف کے سبب گھروں میں بند ہوچکے ہیں اور ٹسٹ کے لئے تیار نہیں۔ ان کے اس اقدام سے سماج کا نقصان ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو تلنگانہ میں روکنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہے ہیں۔ غریب عوام کیلئے بہترین پیکیج کا اعلان کیا گیا۔ چیف منسٹر نے انسانیت دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے مہاراشٹرا ، بہار ، اترپردیش اور دیگر ریاستوں کے تلنگانہ میں موجود مزدوروں کو اناج اور رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔ محمود علی نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا سے متاثرہ 13 افراد کا کامیاب علاج کر کے گھر واپس بھیج دیا گیا۔