تبلیغی اجتماع میں شرکت کرنے والے نلگنڈہ کے تمام افراد خیریت سے

   

آئیسولیشن سنٹر منتقل، ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔31 ۔ نومبر (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ نئی دہلی میں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کرنے والے نلگنڈہ کے تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان میں کورونا وائرس کا کوئی اثر نہیں دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ان افراد کا ٹسٹ کیا جارہا ہے ۔ متحدہ نلگنڈہ ضلع سے تعلق رکھنے والے افراد نے نئی دہلی کے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ ایسے افراد کا معائنہ کرانے حکومت کے فیصلے کے بعد ریاستی وزیر نے تین اضلاع کے ضلع کلکٹرس سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ نئی دہلی سے آنے والے افراد کا لازمی طور پر معائنہ کرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ نلگنڈہ سے 31 ، بھونگیر سے 12 اور سوریا پیٹ سے 11 افراد نے تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کی تھی ۔ یہ تمام سرکاری عہدیداروں کے علم میں ہے اور محکمہ صحت نے انہیں آئیسولیشن سنٹر منتقل کیا ہے۔ ان تمام کی حالت بہتر ہے۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ ایسے افراد کے بارے میں غلط افواہوں پر عوام بھروسہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔