تبلیغی جماعت کے نام میڈیا اور بی جے پی کی زہرافشانی

   

ملک کی یکجہتی کیلئے خطرہ، صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 اپریل (پریس نوٹ) تبلیغی جماعت کو لیکر میڈیا اور بی جے پی کے لیڈرس ہندو اور مسلمان کا جو زہر پھیلا رہے ہیں وہ ملک کی یکجہتی کیلئے خطرناک ہے۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے کوروناوائرس کے مسئلہ کو مسلمانوں کے سر تھوپنے کا منصوبہ بنائی ہے۔ 22 مارچ تک بین الاقوامی طیارے ملک میں آتے رہے اور یہی ملک میں کوروناوائرس پھیلانے کا باعث بنے۔ دہشت گردوں کی تلاش جیسا تبلیغی جماعت کے لوگوں کو تلاش کیا جارہا ہے۔ کل ملے پلی مسجد سے جن لوگوں کو قرنطینہ کے نام پر ایمبولینس میں بھرکر شفاخانہ لے جایا گیا، کیا وہ قانونی تھا۔ ایک ایمبولنس میں بھر کرلے جایا گیا۔ کیا راشن کی تقسیم میں سماجی دوری کو ملحوظ رکھا جارہا ہے۔ اس وقت ملک کی سڑکوں پر تقریباً ایک کروڑ مزدور پیدل چل رہے ہیں ان کا کوئی پرسان حال ہی نہیں ہے مگر تبلیغی جماعت کے مرکز کو لیکر نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے جب لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تو کہا کہ جو جہاں ہیں وہیں ٹھہر جائیں جس کے بعد مرکز میں موجود لوگ کہاں جاتے۔ دنیا کو معلوم ہے مرکز نظام الدین میں ہر وقت ہزارہا لوگ رہتے ہیں دہلی اور مرکزی حکومتیں کوئی توجہ نہیں دی۔ وشنودیوی مندر پر توجہ تھی اور نظام الدین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی تھی۔ بیماری کا مذہب اور عقیدہ سے تعلق نہیں ہوتا۔ پوری قوم کو اس کا جواب دینا چاہئے۔