حیدرآباد ۔11۔ اگست (سیاست نیوز) بی جے پی رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن نے لوک سبھا میں تحریک عدم اعتماد پر رائے دہی کے دوران اپوزیشن ارکان کی غیر موجودگی پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تحریک پر رائے دہی کیلئے ایوان میں موجود رہنا نہیں تھا تو پھر تحریک عدم اعتماد پیش کیوں کی گئی ۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ بی آر ایس اور مجلس کے ارکان نے بھی ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ یہ تینوں پارٹیاں دراصل ایک ہی ایجنڈہ پر عمل پیرا ہیں۔ اپوزیشن کو چاہئے تھا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کے نتیجہ تک ایوان میں موجود رہتے۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس کا مشترکہ ڈرامہ نئی دہلی میں بے نقاب ہوچکا ہے۔ کے سی آر کی خاندانی حکومت کے خاتمہ کیلئے بی جے پی واحد متبادل کے طور پر عوام کے درمیان موجود ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے بی جے پی ترقیاتی ایجنڈہ عوام کے روبرو پیش کرے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کالیشورم پراجکٹ کے فنڈس کا انتظام کانگریس حکومت کے ادارہ نے کیوں کیا تھا۔ کانگریس اور بی آر ایس اس حقیقت کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے جاری کردہ فنڈس پر بی آر ایس حکومت کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔