تحریک لبیک کالعدم قرار دینے کیخلاف اپیل کرسکتی ہے :شیخ رشید

   

اسلام آباد : پاکستانی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 16 ایم پی او کے تحت گرفتار 733 میں سے 669افراد کو رہا کردیا گیا، سعد رضوی پر مقدمے سمیت 210 ایف آئی آر قانونی عمل سے گزریں گی۔ تحریک لبیک کالعدم قرا ر دیے جانے کے خلاف تیس دن میں اپیل کرسکتی ہے۔ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کسی کے دباؤ میں نہیں، واضح کردیا بین الاقوامی تعلقات ریاست کا معاملہ ہیں۔ وزیراعظم ناموس رسالت کے معاملے پر مغربی ملکوں کو اعتماد میں لیں گے،شیخ رشید احمد نے کہا کہ رہائی پانے والوں میں سے زیادہ کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، ٹی ایل پی پنجاب میں تیسری بڑی سیاسی جماعت ہے، تحریک لبیک کالعدم قرا ر دیئے جانے کے خلاف تیس دن میں اپیل کرسکتی ہے۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایف آئی آر قانونی ضابطے سے گزریں گی، سعد رضوی کا کیس بھی شامل ہے، کالعدم قرار دی گئی تنظیم نے 30 دن میں جواب داخل کرنا ہے، ایک کمیٹی بنے گی جو کیس کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20 اپریل کو قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا گیا تھا، قرارداد میں فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے پر بحث بھی شامل تھی۔انہوں نے کہا کہ قرارداد میں فرانس کے سفیر کو نکالنے کے لیے پارلیمان میں بحث کی جائے گی، یہ اسلام کا نعرہ ہے، اسلام آباد کا نعرہ نہیں ہے۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ تیس گاڑیاں جلیں، 5انہوں نے واپس کیں، 12 لوگ جو ان کے پاس تھے 19 کی رات واپس کر دیئے تھے۔اُن کا کہنا تھا کہ جو شخص قانون کو ہاتھ میں لے گا قانون ہاتھ میں لے گا، پولیس والے بھی زخمی ہوئے، تحریک لبیک کے لوگ بھی جاں بحق ہوئے۔