حیدرآباد ۔25 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسے اداروں کو سیاسی انتقامی کارروائی کے لئے استعمال کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ انہوں نے تحقیقاتی اداروں کے غلط استعمال کا اس سے پہلے کوئی مظاہرہ نہیں دیکھا گھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقاتی ایجنسیاں ایمانداری کے ساتھ کارروائی کر رہی ہیں تو انہیں دھاوؤں کا لائیو ٹیلی کاسٹ کرنا چاہئے تاکہ عوام حقائق سے واقف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں پر سے عوام کا اعتبار ختم ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز میں دھاوے کئے جارہے ہیں، عوام کا احساس ہے کہ یہ سیاسی مخاصمت کا نتیجہ ہے ۔ مرکز میں بی جے پی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے مخالفین کے خلاف ای ڈی، انکم ٹیکس، سی بی آئی کے استعمال میں تیزی آئی ہے اور بلیک میل سیاست پر عمل کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کی کارروائیوں سے عوامی ناراضگی میں اضافہ ہوگا۔ ر