ترقیاتی کاموں میں لاپرواہی ناقابل برداشت :ہریش راؤ

   


نرسا پور زرعی مارکٹ کمیٹی صدر و نائب صدر کی حلف برداری تقریب کے بعد جائزہ اجلاس سے خطاب

نرساپور : زرعی مارکٹنگ کمیٹی نرسا پور کے صدرنشین اور نائب صدرنشین کی حلف برداری عمل میں لائی گئی ۔ ریاستی وزیر فینانس و انچارج متحدہ ضلع میدک مسٹر ٹی ہریش راؤ کی نگرانی ںمیں نونامزد صدرنشین انوسیا اور نائب صدرنشین کی حیثیت سے حبیب خان نے حلف لیا ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نے کہا کہ آئندہ سال فبروری تک نرسا پور بس ڈپو کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی ۔ حلف برداری تقریب کے بعد ہریش راؤ نے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا اور مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ اس اجلاس میں کے پربھاکر ریڈی رکن پارلیمنٹ میدک ، رکن اسمبلی مدن ریڈی کے علاوہ سابق وزیر سنیتا ریڈی و دیگر شریک تھے ۔ ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک ضلع میدک کے 956 مقامات پر مشن بھگیرتا کے تحت پانی سربراہی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے سرکاری عہدیدارو ں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں دلچسپی پیدا کرتے ہوئے مقررہ مدت میں کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تساہل کوبرداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ نرسا پور ہائی وے کی تعمیر میں رکاوٹوں کو بہت جلد دور کیا جائے گا ۔ محکمہ فارسٹ اور ہائی وے اتھاریٹی کے باہمی اشتراک سے جنگی خطوط پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پنچایت راج کی جانب سے ضلع میں 54 کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کا کام جاری ہے ۔ پانی کو محفوظ کرنے اور فصلوں کیلئے سیرابی کے علاوہ پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مانجرا اور ہلدی ندی پر 14چیک ڈیمس تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ربیع کی فصل میں گھن پور پراجکٹ کے تحت 21ہزار سے زائد ایکڑ اراضی کو پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ اس موقع پر صدرنشین انوسیا اشوک اور نائب صدرنشین حبیب خان نے ہریش راؤ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر نائب صدرنشین مجلس بلدیہ نرسا پور نعیم الدین ، معاون زیڈ پی ٹی سی منصور ، شیخ حسین ، محمد شریف ، دلشاد خان و دیگر موجود تھے ۔