لنگم پیٹ منڈل پریشد جنرل باڈی اجلاس سے رکن اسمبلی کا خطاب
یلاریڈی : منڈل لنگم پیٹ مستقر پر منڈل پریشد اجلاس میں یلاریڈی رکن اسمبلی سریندر نے شرکت کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عہدیدار ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے میں غیرمعمولی تاخیر کررہے ہیں ۔ انھوں نے تمام عہدیداروں کو ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں کوئی تاخیر نہ کرنے کا مشورہ دیا اور عوام کو جوابدہ رہنے والا کام کرنے اور کام کو جلد مکمل کرنے کی صلاح دی ۔ مواضعات میں درپیش مسائل حل کرنے میں عہدیداروں کی ناکامی سامنے آنے کی برہمی کے ساتھ رکن اسمبلی نے اجلاس میں شکایت کی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ مرکز کی جانب سے کسانوں کے دھان ہرگز نہ خریدنے کا فیصلہ کرنے پر مواضعات میں کسانوں کو عہدیدار متبادل فصلوں کی کاشت کرنے کی ترغیب دلائیں۔ کسانوں کو کوئی نقصان نہ ہو یہ خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ اجلاس میں پرملا ، شٹ پلی ، سنگاریڈی ، بھوانی پیٹ ، ہیماجی پیٹ مواضعات کے سرپنچوں نے رکن اسمبلی سے کہاکہ ان مواضعات میں برقی مسائل حل نہیں کئے جارہے ہیں جس پر رکن اسمبلی نے ڈی ای ای سے فون پر بات کرکے اس سلسلے میں واقف کروایا اور اے ای کا تبادلہ کردینے کیلئے کہا ۔ بعد ازاں رکن اسمبلی نے مستحقین میں وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ سے منظور کئے امدادی رقمی چیکس تقسیم کئے ۔
