ترنمول کانگریس قائد شاہجہاں شیخ کیخلاف احتجاج جاری

   

مشتعل ہجوم نے تین پولٹری فارمس ، مکانات اور باغات کو آگ لگادی ، ترنمول نے اپوزیشن کو مورد الزام ٹھہرایا

کولکتہ : سندیش کھالی کی خواتین ترنمول کانگریس کے لیڈر شاہجہان شیخ، شیبو ہزارا اور اتم سردار کی گرفتاری کے مطالبے کی حمایت میں احتجاج کررہی ہیں ۔احتجاج کی وجہ سے علاقے حالات کشیدہ ہے ۔مشتعل ہجوم نے تین پولٹری فارمز، مکانات اور باغات کو بھی آگ لگا دی۔ ترنمول کانگریس نے الزام لگایا کہ سندیش کھالی میں اس طرح کے واقعات اپوزیشن کے اکسانے کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حکمراں پارٹی نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔بنگال کی حکمراں جماعت نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے اگلے دن جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس میں ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش اور دو ریاستی وزیر چندریما بھٹاچاریہ اور بیرباہا ہنسدا موجود تھے ۔ سندیش کھالی معاملے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کنال گھوش نے کہاکہ کچھ لوگوں کی ناراضگی ہوسکتی ہے اور کچھ لوگوں کو بڑا لگ سکتا ہے ۔مگر سندیش کھالی میں جوکچھ ہورہا ہے وہ سب سیاسی سازش کا حصہ ہے ۔کنال نے کہاکہ ‘‘اس مسئلے کے لیے کانگریس، سی پی ایم، بی جے پی اور ایک اور پارٹی لوگوں کو بھڑکا کر عارضی افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔سندیش کھالی میں بدھ سے ہی حالات خراب ہیں ۔مظاہرین ای ڈی کی ٹیم پر حملہ کرنے میں ملوث شاہجہاں شیخ اور دیگر لیڈروں کی گرفتار کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ان لوگوں کا الزام ہے شاہجہاں شیخ کے خوف کی وجہ سے وہ اب تک خاموش تھے ۔مظاہرین نے سندیش کھالی-II بلاک ترنمول کانگریس کے صدر شیبو ہزارا کے پولٹری فارم کو آگ لگا دی۔ بدھ کے بعد جمعرات کو خواتین شاہجہان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئیں۔دودن بعد جمعہ کو بھی کو سندیش کھالی کے جیلیاکھلی علاقے میں مظاہرے ہورہے ہیں ۔گائوں والوں کا الزام ہے کہ شاہجہاں شیخ اوران کے قریبیوں نے گائوں والوں پر ظلم کیا ہے ۔ گاؤں والوں کو ان کی مرضی کے خلاف مختلف کام کرنے پر مجبور کیا۔ زمین پر قبضے سے لے کر تشدد کے متعدد الزامات سامنے آئے ہیں۔جمعہ کی صبح سے ہی مقامی باشندے چاقو، آری، بانس اور لاٹھیوں کے ساتھ سڑک پر احتجاج کررہے ہیںان میں زیادہ تر خواتین ہیں۔ جمعہ کو بھی انہوں نے شیبو کے جیلیاکھلی علاقے میں تین پولٹری فارموں کو آگ لگا دی۔ جمعرات کے واقعہ کے بعد پولیس نے سندیش کھالی میں دونوں طرف سے پانچ لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ دو ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔5 جنوری کو ای ڈی راشن کرپشن معاملے کی جانچ کے لیے شاہجہاں کے گھر گئی تھی۔ اس دن شاہ جہاں کے پیروکاروں نے ای ڈی کے اہلکاروں کی پٹائی کی تھی۔اس وقت سے شاہ جہاںلاپتہ ہے ۔ای ڈی نے انہیں کئی مرتبہ نوٹس بھیجے ہیں مگر شاہجہاں پیش نہیں ہورہی ہیں ۔