تروملا تروپتی دیواستھانم کے سابق صدر پجاری کی کورونا سے موت

   

حیدرآباد۔ تروملا تروپتی دیواستھانم کے سابق صدر پجاری کی کورونا وائرس کے سبب موت واقع ہو گئی جو کہ گذشتہ 15تا20 دن سے دواخانہ میں زیر علاج تھے۔تروپتی سے تعلق رکھنے والے 73 سالہ پجاری کی کورونا وائرس سے موت کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا کہ انہیں دواخانہ میں شریک کئے جانے کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں ۔ڈاکٹرس کے مطابق تروملا تروپتی دیواستھانم کے سابق صدر پجاری پی سرینواس مورتی کے دونوں پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کردیا تھا اور انہیں سری وینکٹیشورا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں علاج کی غرض سے شریک کیا گیا تھا ۔تروپتی کے مندر میں 160 افراد بشمول پجاریوں کو کورونا وائرس کی تصدیق کے باوجود مند رکو بند نہیں کیا گیا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ مندر انتظامیہ کی جانب سے درشن کیلئے پہنچنے والوں کا خصوصی خیال رکھا جارہاہے ۔تروملا تروپتی دیوا ستھانم کے سابق صدر پجاری کی موت کے سلسلہ میں دواخانہ کے انتظامیہ نے بتایا کہ متوفی کو کئی عوارض لاحق تھے جن میں پیرانہ سالی کے ساتھ ذیابیطس ‘ بلڈ پریشر ‘ پھیپھڑوں سے متعلق امراض کے علاوہ نمونیا کی بھی تصدیق ہوئی تھی جب انہیں دواخانہ میں شریک کیا گیا تو ڈاکٹرس نے ان کی صحت اور علامات کو دیکھتے ہوئے ان کا کورونا وائرس کا معائنہ کیا جو کہ مثبت آیا ۔ڈاکٹرس کے مطابق انہیں کورونا وائرس کے ساتھ دیگر امراض اور امراض قلب کے سبب بھی کئی عوارض کا سامنا تھا ۔تروملا تروپتی دیواستھانم کے ذمہ داروں اور بورڈ کے ذمہ داروں اور صدرنشین نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا لیکن مند ر کو بند کرنے کے سلسلہ میں کوئی احکام نہیں دیئے ۔