تروپتی۔سکندرآباد وندے بھارت ایکسپریس ٹرین میں اچانک دھواں

   

حیدرآباد 10اگست( یو این آئی ) تروپتی ۔ سکندرآباد وندے بھارت ایکسپریس ٹرین میں اچانک دھواں نظرآیا جس کے بعد ٹرین کو چہارشنبہ کی شام نیلور ضلع کے مانوبولو ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ وندے بھارت ٹرین تروپتی سے سکندرآباد آرہی تھی تاہم مانوبولو کے قریب عملے نے دھواں دیکھا اور واکی ٹاکی پر لوکو پائلٹ کو اطلاع دی۔ جیسے ہی ٹرین مانوبولو اسٹیشن پر رکی، خوف زدہ مسافر بوگیوں سے نیچے اتر گئے ۔ریلوے عملے نے جا کر تیسری بوگی کے باتھ روم سے نکلنے والے دھوئیں کو دیکھااور پایا کہ یہ دھواں باتھ روم میں پھینکے گئے سگریٹ کے ٹکڑے پلاسٹک کے ٹکڑے سے چپکنے کی وجہ سے پھیلا۔اس واقعہ کے ذمہ دار بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ عملے نے معمولی آگ کو مکمل طور پر بجھا کر ٹرین کو آگے روانہ کر دیا۔ اس واقعہ سے ٹرین آدھے گھنٹے سے زائد رکی رہی۔ اس میں کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر حکام اور مسافرین نے راحت کی سانس لی۔