آندھراپردیش ہائی کورٹ کا فیصلہ ،چیف منسٹر کے خلاف درخواست مسترد
حیدرآباد: آندھراپردیش ہائی کورٹ نے واضح کردیا ہے کہ تروپتی میں لارڈ وینکٹیشورا مندر کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کو اپنے مذہب کے بارے میں اظہار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جسٹس بی دیوانند کی قیادت میں ڈیویژن بنچ نے اس سلسلہ میں دائر کی گئی درخواست کو مسترد کردیا ۔ عدالت نے کہا کہ چیف منسٹر نے سرکاری حیثیت میں مذہبی رسومات کی انجام دہی کیلئے مندر کا دورہ کیا ہے ۔ لہذا انہیں مذہب کے بارے میں ڈکلیریشن دینے کی ضرورت نہیں۔ تروپتی مندر میں درشن کے موقع پر یہ روایت ہے کہ درشن کرنے والا شخص اپنے مذہب کے اظہار کے ساتھ ڈکلیریشن پر دستخط کرتا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ چیف منسٹر کے لئے اس طرح کی کوئی شرط ضروری نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر چیف منسٹر نان ہندو ہوں اور وہ انفرادی حیثیت سے درشن کیلئے آئے تو ایسی صورت میں ڈکلیریشن پر دستخط کرنا ضروری رہے گا ۔ واضح رہے کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے برہما اتسوم کے دوران مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے مندر کا دورہ کیا تھا ۔