متاثرہ مقام کا معائنہ، ناقص انتظامات پر اگزیکیٹیو آفیسر پر برس پڑے
حیدرآباد 9 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے تروملا تروپتی دیوستھانم میں بھگدڑ کے واقعہ کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کی۔ چندرا بابو نائیڈو وجئے واڑ ہ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر رینی گنٹہ ایرپورٹ پہنچے اور وہاں سے تروپتی پہنچے۔ تروملا تروپتی دیوستھانم کے قریب واقع بیراگی پٹڈا مقام کا دورہ کیا جہاں کل یاتریوں کی بھگدڑ میں 6 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔ چیف منسٹر نے بھگدڑ کی وجوہات کے بارے میں عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں اور متاثرین کی امداد کی تفصیلات حاصل کیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے مندر کے اگزیکیٹیو آفیسر کے علاوہ ضلع کلکٹر اور ایس پی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کی تعداد میں اضافہ کی اطلاع کے باوجود احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے جس کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کریں اور انتظامات کو ایک تماشہ تصور نہ کریں۔ حکومت اس طرح کے واقعات کا اعادہ ہونے نہیں دے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکام کی ذمہ داری تھی کہ وہ یاتریوں کے ہجوم کو دیکھتے ہوئے کنٹرول کرتے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہجوم میں اضافہ کے باوجود ٹکٹوں کی فروخت افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں سے شکایت موصول ہونے کے بعد ہی حکام نے چوکسی اختیار کی۔1